روزنامچہ حدیث
  • با عظمت حاکم وہ ہے جس پر خواہشات حاکم نہ ہوں حضرت علی ع   الغرر والدرر
 
 

حیدرآباد، اصغریہ تحریک اور اے ایس او کا امریکا مخالف احتجاج


12/05/2019

عراقی دارالحکومت بغداد میں امریکی ڈرون حملے میں ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی قدس فورس کے کمانڈر حاج قاسم سلیمانی اور عراقی عوامی رضاکار فورس حشد الشعبی کے کمانڈر مہندس ابو مہدی کی دیگر ساتھیوں سمیت شہادت کے خلاف اصغریہ علم و عمل تحریک پاکستان اور اصغریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے زیر اہتمام سندھ بھر میں احتجاج کیا گیا۔ مرکزی احتجاجی مظاہرہ حیدرآباد میں پریس کلب کے سامنے کیا گیا، مظاہرے میں شریک خواتین، مرد اور کمسن بچوں نے امریکی دہشتگردی، ٹرمپ کے خلاف شدید نعرے لگائے۔ مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے اصغریہ تحریک کے مرکزی رہنما سید پسند علی رضوی اور دیگر رہنماؤں نے کہا کہ امریکا عالم انسانیت کیلئے سب سے بڑا خطرہ ہے، مشرق وسطیٰ میں انسانیت سوز واقعات اور اسلامی ممالک میں اپنی اجارہ داری قائم کرنے کے غرض سے اپنے حواریوں کے ساتھ ملکر دہشتگرد کارروائیاں کر رہا ہے۔

مقررین نے کہا کہ عالم انسانیت کی دشمن قوت داعش، القاعدہ کو پروان چڑھانے میں امریکا کا ہاتھ ہے، جبکہ ان کے خلاف ایران نے انسانیت کے دفاع میں قاسم سلیمانی کی سربراہی میں شکست دی ہے، جس سے امریکا اور اس کے حواری بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔ مقررین نے کہا کہ حاج قاسم سلیمانی فلسطین، لبنان، شام اور عراق میں عرب مسلمانوں کے ہیرو سمجھے جاتے تھے، کیونکہ انہوں نے مشکل وقت میں انکا دفاع کیا تھا، اہلبیتؑ اور صحابہ کرام ؓ کے مزارات مقدسہ کو داعش کے حملوں سے بچانے میں بھی انکا کلیدی کردار تھا، یہی وجہ ہے کہ آج ملت اسلامیہ  کا بچہ بچہ قاسم سلیمانی ہے، ملت پاکستان اس غم اور دکھ کی گھڑی میں ملت ایران اور ملت عراق کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

مقررین نے پاکستانی حکومت کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر پاکستان کی سرزمین کو برادر پڑوسی ملک کے خلاف استعمال کرنے کی کوشش کی گئی، تو ہم پاکستان بھر میں امریکی مفادات کو نقصان پہنچائیں گے اور پھر کوئی اہل سنت یا شیعہ اپنے گھر میں نہیں بیٹھے گا، بلکہ امریکی مفادات کے خلاف قیام کرنا لازم اور ضروری ہو جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسلم حکمران امریکا کے مفادات کا تحفظ چھوڑ کر امت کے مفاد میں اجتماعی سوچ اپنائیں۔ مقررین نے کہا کہ امریکا باری باری تمام مسلم ممالک کو نشانہ بنا رہا ہے، جنرل قاسم سلیمانی کی شہادت امریکا کے زوال کا پیش خیمہ ثابت ہوگی، قاسم سلیمانی کی شہادت امریکہ کی سپر پاور کے خاتمے کا آغاز ہے، مسلم حکمران مصلحتوں کا شکار ہونے کے بجائے کھل کر اسلامی ممالک کے عوام کی ترجمانی کریں۔